کراچی: کے الیکٹرک اور شہر کی سب سے بڑی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نیا ناظم آباد کے درمیان بجلی کے نظام کو مزید مستحکم اور جدید بنانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت 132 کے وی کا جدید گرڈ اسٹیشن تعمیر کیا جائے گا۔ یہ گرڈ اسٹیشن نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے کنزیومر سروس مینوئل کے مطابق اسپانسر ڈیڈیکیٹڈ ڈسٹری بیوشن سسٹم کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔
کراچی میں سہیل آفریدی کا پریس کلب سے خطاب، اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کا اعلان
189 میگاواٹ صلاحیت کا یہ گرڈ اسٹیشن نیا ناظم آباد کی رہائشی اور تجارتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 60 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں صلاحیت بڑھا کر 189 میگاواٹ تک کر دی جائے گی۔
منصوبے کے تحت گرڈ اسٹیشن مشترکہ انفرااسٹرکچر کے فوائد فراہم کرے گا، جس سے بجلی کی بہتر تقسیم، زیادہ قابلِ اعتماد فراہمی اور نظام کی مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ اس جدید نظام سے ہزاروں گھرانے اور کاروباری ادارے مستفید ہوں گے۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی نے کہا کہ یہ شراکت داری کراچی کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ توانائی فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی کے ذریعے نہ صرف شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ شہر کی معاشی اور سماجی ترقی میں بھی کردار ادا کیا جا رہا ہے۔
نیا ناظم آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالصمد حبیب نے کہا کہ جدید طرزِ زندگی کے لیے بلاتعطل توانائی کی فراہمی بنیادی ضرورت ہے۔ کے الیکٹرک کے ساتھ اشتراک سے رہائشیوں کو پائیدار اور قابلِ اعتماد بجلی میسر آئے گی اور یہ منصوبہ نیا ناظم آباد کو شہری ترقی کے ایک مثالی ماڈل کے طور پر ابھارنے میں مدد دے گا۔
یہ 132 کے وی گرڈ اسٹیشن نیا ناظم آباد کے طویل المدتی توسیعی منصوبوں، جن میں رہائشی، تجارتی اور تفریحی سہولتیں شامل ہیں، کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا۔
یہ معاہدہ نجی شعبے کے ساتھ کے الیکٹرک کے بڑھتے ہوئے تعاون کی ایک اہم مثال ہے، جو بجلی کے نظام میں سرمایہ کاری، قابلِ اعتماد کارکردگی اور جدید انفرااسٹرکچر کی جانب بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
