ریاض: سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو نے سعودی عرب کے دورے کے دوران رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقاتیں کیں۔
بنگلہ دیش ایئر چیف کی پاک بحریہ سے نیول ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ کو سعودی دفاعی قیادت کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مستقبل میں اشتراک عمل کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے موجودہ سطح کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ تربیت، آپریشنل تعاون اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی علامت قرار پایا۔
ائیرچیف مارشل نے پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین فورس میں تبدیلی اور کثیرالقومی مشقوں کے ذریعے فوجی سطح پر تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل برتری اور جنگی تیاری کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاک سعودی عرب کی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کی گہرائی اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔
