اسلام آباد: بنگلہ دیش ایئر فورس کے چیف آف ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے معزز مہمان کا پر جوش استقبال کیا۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس کی کارروائی، بائیک لفٹر گرفتار، سرقہ شدہ موٹر سائیکل برآمد
ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کی میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا۔
ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے پاک بحریہ کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور مشترکہ تربیتی مشقوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنگلہ دیشی ایئر چیف کا یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کا عکاس ہے۔ واضح رہے کہ ایڈمرل نوید اشرف نے 2025 کے آخر میں بھی بنگلہ دیش کا اہم دورہ کیا تھا۔
