ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی ہدایت پر عثمانیہ کالونی ناظم آباد میں تجاوزات اور حدود سے تجاوز کرنے والی دکانوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد اسامہ بن اشرف کی سربراہی میں 8 گھنٹے طویل آپریشن کے دوران دکانوں کے سامنے قائم غیر قانونی دیواریں، چبوترے اور فٹ پاتھ مسمار کر دیے گئے۔
سندھ و پنجاب کے دریاؤں میں غیر ملکی مچھلیاں مقامی ایکو سسٹم کو سنگین خطرہ
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران دکانوں اور ٹھیلے پتھاروں کے سامنے لگے ایڈورٹائزمنٹ بورڈز، پینا فلیکس اور بینرز بھی ہٹا دیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد نے کہا کہ سروس روڈز اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔
کارروائی کے دوران تجاوزات میں استعمال ہونے والا متعدد سامان ضبط کیا گیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ اسامہ بن اشرف نے کہا کہ دکانوں کو ان کی اصل حدود میں لانے کے لیے ایک ہفتہ قبل تمام دکانداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم عملدرآمد نہ ہونے پر سخت کارروائی ناگزیر ہو گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دن رات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور پیدل چلنے والوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دکانداروں اور علاقہ معززین سے ملاقات کے دوران تاجروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کی مقررہ حدود میں رہیں اور مارکیٹ کو کشادہ اور خوبصورت بنانے میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔
کارروائی کے موقع پر مختیار کار ناظم آباد وسیم تاج، انسداد تجاوزات کے ڈپٹی ڈائریکٹر راشد کمال، علاقہ پولیس اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خلاف یہ کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر بلا تفریق جاری رہیں گی۔

