پاکستان چین کا دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور چین نے دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور دو طرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں بیجنگ میں منعقد ہونے والے ساتویں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
لکی مروت سیمنٹ فیکٹری جانے والی بس پر دھماکا ایک شخص جاں بحق 9 زخمی

مشترکہ اعلامیے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مذاکرات کی مشترکہ صدارت کی۔ اسحاق ڈار نے چین کی دعوت پر 3 سے 5 جنوری تک بیجنگ کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں جنوبی ایشیا میں امن و استحکام، یکطرفہ اقدامات کی مخالفت اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا گیا۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پاکستان نے ون چائنا پالیسی کے تحت تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ اور جنوبی بحیرۂ چین کے معاملات پر چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں پاک چین تعلقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے اسٹریٹجک رابطے مزید مضبوط بنانے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 2026 میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

اعلامیے میں پاک چین آہنی برادرانہ اور آل ویدر اسٹریٹجک تعاون کی توثیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں ممالک اپنی دوستی کو نسل در نسل منتقل کرنے اور تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

چین کی ترقیاتی کامیابیوں اور جدید کاری کے ماڈل کو پاکستان نے سراہا، جبکہ دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی، سی پیک فیز ٹو، زراعت، معدنیات اور گوادر پورٹ پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ پاکستان اور چین نے خلائی تعاون میں پیشرفت، اور مستقبل میں پاکستانی خلابازوں کی چینی خلائی اسٹیشن میں شمولیت پر بھی اتفاق کیا۔

66 / 100 SEO Score

One thought on “پاکستان چین کا دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!