پاک فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ جدید تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ انجام دے دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
این ڈی ایم اے کا پنجاب میں شدید دھند کا الرٹ جاری آئندہ تین روز تک صورتحال سنگین رہنے کا خدشہ
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تیمور کروز میزائل کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو دشمن کے ایئر اور میزائل ڈیفنس سسٹمز کو چکمہ دینے میں مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ میزائل جدید نیوی گیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جو اسے جدید جنگی تقاضوں کے مطابق بناتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق تیمور ویپن سسٹم کی کامیابی سے پاک فضائیہ کی روایتی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ نظام علاقائی سکیورٹی ماحول میں پاکستان کے قابلِ اعتماد دفاع کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل کا کامیاب تجربہ قومی سلامتی کے اہداف کے حصول، قومی عزم اور تکنیکی خود کفالت کا واضح ثبوت ہے۔
فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ پاک افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے منصوبے سے وابستہ سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔
دوسری جانب صدرِ مملکت نے بھی پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر جدید دفاعی ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، ادارہ جاتی مہارت اور خود انحصاری کی واضح عکاس ہے، جو پاکستان کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
