کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ سالِ نو کے موقع پر شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور کسی کو بھی ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ یا قانون شکنی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
آبادی کو بوجھ نہیں پائیدار ترقی کا محرک سمجھا جائے یو این ایف پی اے پاکستان
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ سالِ نو کی رات لاقانونیت میں ملوث عناصر کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ کے واقعات پر معمولی دفعات کے بجائے اقدامِ قتل کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ شہر کا کوئی علاقہ بند نہیں کیا جائے گا، تاہم ٹریفک کی روانی کو بہتر رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر پولیس نفری تعینات رہے گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں مجموعی طور پر 6 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کر دیے گئے ہیں اور پولیس کا ہدف شہر کو کرائم فری زون بنانا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب حیدرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع میں بھی سالِ نو کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈویژنل کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سالِ نو کی شب ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
