اسلام آباد/جامشورو/کوئٹہ: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین مختلف کارروائیوں میں خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
سکھر میں پولیس مقابلہ، انتہائی خطرناک اور بدنام زمانہ ڈاکو عبدالحکیم ہلاک
اے این ایف حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 21.6 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جو منشیات فروشوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
تعلیمی اداروں کے قریب کی گئی کارروائی میں جامشورو میں ایک یونیورسٹی کے قریب خاتون کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش کے دوران گرفتار ملزمہ نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دیگر کارروائیوں میں باچا خان ایئرپورٹ پر قطر جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 600 گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کوئٹہ کے علاقے بالیلی چیک پوسٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ایک ملزم سے 15 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔

