وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بندوق کے ذریعے کسی نظریے یا مقصد کو مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ تھا اور ہمیشہ رہے گا۔
لاہور میں محفوظ بسنت کی بحالی، بسنت 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری
وزیراعلیٰ بلوچستان کی بطور چیف آف بگٹی دستاربندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ پہلے بھی عوام کی خدمت کر رہے تھے اور اب وزیراعلیٰ کی حیثیت سے مزید محنت کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بگٹی قبائل کے 300 بچوں کے لیے ہاسٹل کی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے تاکہ انہیں معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔
سرفراز بگٹی نے گمراہ عناصر کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بندوق اٹھانے والے واپس آئیں، ہتھیار ڈالیں اور ریاست کے ساتھ مل کر ترقی کا راستہ اختیار کریں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر ہتھیار نہیں ڈالے گئے تو ریاست کو اپنی رٹ قائم کرنا آتی ہے۔ بندوق کے زور پر کسی نظریے کو مسلط نہیں کیا جا سکتا، تاہم ریاست کے دروازے ان تمام افراد کے لیے کھلے ہیں جو امن اور ترقی کا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔
