اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں میں میوزیکل نائٹ کے دوران شہری سمیع اللہ کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کا مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے کزن عمران اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں صدر اسلام، اسحاق، رضوان اور سوار خان کو نامزد ملزمان قرار دیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات سستی، پاکستان میں نئے سال پر قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
مقدمے کے متن کے مطابق مقتول سمیع اللہ اپنے دوستوں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے شکرپڑیاں آیا تھا کہ اس دوران ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ مقدمے میں ملزمان پر فائرنگ کے بعد شدید زیادتی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر پولیس اہلکار غلام حسنین بھی زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
