وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے یومِ شہادت محترمہ بینظیر بھٹو کے موقع پر گڑھی خدا بخش نوڈیرو میں جلسہ گاہ اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو مزید ضروری احکامات جاری کیے۔
ضلع شرقی پولیس کی بڑی کامیابی خطرناک ڈکیت گروہ کا اہم کارندہ گرفتار
وزیر داخلہ سندھ نے گڑھی خدا بخش قبرستان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو، میر مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو کے مزارات پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔
ڈی آئی جی لاڑکانہ کی جانب سے وزیر داخلہ سندھ کو یومِ شہادت کے موقع پر جلسہ گاہ، گڑھی خدا بخش نوڈیرو اور اطراف کے علاقوں کے لیے مرتب کیے گئے فول پروف سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایس ایس پی لاڑکانہ نے پولیس ڈپلائمنٹ، مانیٹرنگ اور فوری ریسپانس کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت دی کہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سیکیورٹی کے تمام انتظامات کی ذاتی نگرانی کرتے ہوئے انہیں مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری، واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، موبائل گشت اور مرکزی شاہراہوں پر اسنائپرز کی تعیناتی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر داخلہ سندھ نے زور دیا کہ یومِ شہادت کے موقع پر لاڑکانہ ڈویژن میں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن قائم رکھا جائے، جبکہ شرپسند عناصر اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے خصوصی سیکیورٹی ٹیمیں تعینات کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ شہادت محترمہ بینظیر بھٹو کے موقع پر عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیاں جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کی روشن علامت ہیں، اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت شہید محترمہ کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

