ایف آئی اے بلوچستان زون نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی خصوصی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے چمن اور تفتان سے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا یومِ شہادت محترمہ بینظیر بھٹو پر گڑھی خدا بخش کا دورہ فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عزیز اللہ، حضرت ولی، زین اللہ، مولا داد، عبدالروف، محمد اشرف، عبید اللہ اور عبادالہادی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 99 لاکھ 9 ہزار پاکستانی روپے اور 2184 ملین ایرانی ریال برآمد کیے گئے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی زرِ مبادلہ کے نیٹ ورک میں سرگرم تھے۔ ملزمان سے موبائل فونز اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان برآمد ہونے والی بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، جس پر انہیں گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے بلوچستان زون کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی۔
