ڈیرہ اسماعیل خان: ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں 24 دسمبر 2025 کو سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، جس میں خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
کراچی: بھتہ خور گروہوں میں بچوں اور بیروزگاروں کے استعمال کا انکشاف، پولیس کارروائی میں متعدد گرفتار
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران دو خوارج ہلاک ہوئے، جن میں خارجی گروہ کا سرغنہ دلاور بھی شامل تھا۔ ہلاک شدہ دلاور متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ عناصر سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
علاقے میں مزید کسی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے قومی ایکشن پلان کے تحت شروع کیے گئے وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔
