پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تمام موبائل سمز کا صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیتے ہوئے ٹیلی کام صارفین کے لیے سم کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی دوسرے شخص کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سم کے کسی بھی غلط یا غیرقانونی استعمال کی مکمل ذمہ داری متعلقہ رجسٹرڈ صارف پر عائد ہوگی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین اپنی سمز اور ٹیلی کمیونیکیشن کنکشنز کا ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں، کیونکہ سم یا ڈیوائس کے ذریعے کی جانے والی تمام کالز، میسجز اور ڈیٹا کے استعمال کے انفرادی طور پر خود ذمہ دار ہوں گے۔
اتھارٹی کے مطابق صارفین پر لازم ہے کہ وہ تمام متعلقہ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں۔ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے مواصلاتی نظام کے تحفظ اور استحکام میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
