متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان 26 دسمبر بروز جمعہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق صدرِ یو اے ای اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
Wednesday, 24th December 2025
ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر مشترکہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے سے ایک روز قبل اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر یو اے ای کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ اور مستقل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے انسانی امداد اور ترقیاتی منصوبوں سمیت مشکل اوقات میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت کے موجودہ حجم پر اطمینان کا اظہار کیا اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے ساتھ ساتھ توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ریلوے اور ہوا بازی جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے مفاد میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔
