کراچی: سندھ پولیس نے افسران، اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو فوری اور مؤثر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ویلفیئر برانچ کے تحت 24 گھنٹے فعال ویلفیئر فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیا ہے۔ یہ ڈیسک ہفتے کے ساتوں دن بلا تعطل خدمات فراہم کرے گا تاکہ ویلفیئر سے متعلق امور میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
مولانا فضل الرحمان کا عام انتخابات دوبارہ کرانے کا مطالبہ، 2018 اور 2024 کے الیکشن آئینی نہیں تھے
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکار اور ان کے اہلِ خانہ پنشن، کلیمز، ویلفیئر درخواستوں اور دیگر معاملات سے متعلق براہِ راست رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ شہداء، مرحوم، حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس اہلکار اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
ویلفیئر فسیلیٹیشن ڈیسک کی ہاٹ لائنز 1049 اور 1058 جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ واٹس ایپ نمبر 0335-7224422 اور لینڈ لائن نمبر 021-99212658 پر بھی رابطہ ممکن ہے۔
ترجمان کے مطابق سندھ پولیس ہیلتھ کارڈ سے متعلق مکمل رہنمائی بھی اسی ڈیسک کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں بڑے سرکاری و نجی اسپتالوں سے فوری کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
آئی جی سندھ کی ہدایت پر تمام زونز، اضلاع اور تھانوں میں ویلفیئر ہیلپ لائنز کی تشہیر کا حکم دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پولیس اہلکار اور ان کے اہلِ خانہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ اقدام سندھ پولیس میں ویلفیئر معاملات میں شفافیت، بروقت سہولت اور اہلکاروں کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

