کراچی: ایس ایس پی ایسٹ زبیر نزیر شیخ کی ہدایات پر تھانہ عزیز بھٹی پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈالمیہ کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گٹکا ماوا اور چھالیہ کی سپلائی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کی زیرِ استعمال گاڑی سے گٹکا ماوا میں استعمال ہونے والی چھالیہ، تمباکو، کتھہ اور چونا کے 94 کٹے برآمد کیے گئے، جبکہ متعدد موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ برآمد شدہ ممنوعہ سامان کی ترسیل میں استعمال ہونے والی کار نمبر LRG-7712 کو بھی ضابطے کے تحت پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اجمل خان اور جلال دین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے خلاف سندھ گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاکہ اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد تک پہنچا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گٹکا ماوا جیسی مضر صحت اشیاء کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی، تاکہ شہریوں خصوصاً نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے۔
