کیماڑی جیکسن پولیس نے دورانِ اسنیپ چیکنگ بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی نان کسٹم پیڈ شراب کی بھاری کھیپ برآمد کر لی۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق کارروائی کے دوران شراب سے بھری 300 بوتلیں تحویل میں لی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 75 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
لانڈھی پولیس کی بڑی کارروائی چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے اسپیئر پارٹس کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم گرفتار
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی غیر ملکی شراب سالِ نو کے موقع پر فروخت کے لیے اسمگل کی جا رہی تھی۔ ان کے مطابق ایک بوتل کی قیمت تقریباً 25 ہزار روپے سے زائد ہے۔
پولیس کے مطابق چیکنگ کے دوران ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم شراب کی کھیپ ضبط کر لی گئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن تیز کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ نے بتایا کہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
