ملک بھر میں انسدادِ منشیات کے اداروں کی جانب سے جاری کارروائیوں کے دوران 40 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 1467.455 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئی، جبکہ متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
کراچی میں بھتہ خوری: بیرونِ ملک موجود ملزمان کی گرفتاری کے لیے سندھ حکومت کا وفاق کو خط
تعلیمی اداروں کے اطراف کی گئی کارروائیوں میں جامشورو میں ایک یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا رہا ہے۔
دیگر کارروائیوں میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں برطانیہ جانے والے پارسل سے 3 لیڈیز بیگز میں چھپائی گئی 35 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اسی طرح جی پی او لاہور میں آسٹریلیا جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب کی گئی 1.300 کلو گرام آئس پکڑی گئی۔
لاہور میں ایک شاپنگ مال کی بیسمنٹ میں کھڑی گاڑی سے 120 گرام کوکین برآمد ہوئی، جہاں سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ خلیل آباد، ضلع کیچ کے قریب گاڑی سے 99 کلو گرام آئس، 73 کلو گرام چرس اور 50 کلو گرام افیون برآمد کی گئی، جبکہ قلعہ عبداللہ کے علاقے پیر علیزئی کے قریب ایک ہزار کلو گرام چرس ضبط کی گئی۔
اسی طرح ہزار گنجی، ضلع کوئٹہ میں کارروائی کے دوران 240 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
حکام کے مطابق تمام کارروائیوں میں انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

