کراچی میں بھتہ خوری: بیرونِ ملک موجود ملزمان کی گرفتاری کے لیے سندھ حکومت کا وفاق کو خط

کراچی: شہر میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری کے واقعات پر سندھ حکومت نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے بیرونِ ملک موجود ملزمان کی گرفتاری کے لیے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔

کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل: ہیڈ کلرک قیصر اقبال کے نام اربوں روپے کے اثاثے، پلی بارگین کی درخواست

بلڈرز اور تاجر برادری کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد کراچی میں بھتہ خوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر بھتہ خوری میں ملوث عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے مکمل تعاون طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) ڈاکٹر عمران کا کہنا ہے کہ بھتہ خوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق رواں سال اب تک 50 سے زائد بھتہ خور گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ تقریباً 170 شکایات موصول ہوئیں۔

ڈاکٹر عمران نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ایک بھتہ خور پولیس مقابلے میں مارا گیا، جس کے موبائل فون سے مختلف تاجروں کے فون نمبرز اور بھتہ طلب کرنے سے متعلق ڈیٹا برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلڈرز کی نمائندہ تنظیم آباد کی جانب سے جن 10 کیسز کا حوالہ دیا گیا، ان میں سے صرف 3 کے مقدمات درج کروائے گئے تھے، 5 کیسز سے متعلق پولیس کو آگاہ ہی نہیں کیا گیا جبکہ 2 واقعات چند روز قبل پیش آئے جن پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھتہ خوری کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!