قومی احتساب بیورو (نیب) کے ذرائع کے مطابق کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں گرفتار ملزم قیصر اقبال محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) میں ہیڈ کلرک تعینات تھا، جس کے نام اور اس کی اہلیہ کے نام پر تقریباً 10 ارب روپے مالیت کے اثاثے سامنے آئے ہیں۔
براؤن یونیورسٹی فائرنگ کیس ملزم گرین کارڈ لاٹری کے ذریعے امریکا آیا تھا
نیب ذرائع کے مطابق ان اثاثوں میں قیمتی گاڑیاں، بنگلے، کمرشل پلازے، سونا اور دیگر قیمتی جائیدادیں شامل ہیں۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً 4 ارب روپے مالیت کے اثاثے ایک بے نامی ڈمپر ڈرائیور کے نام پر خریدے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم قیصر اقبال نے 14 ارب روپے کی پلی بارگین کے لیے قومی احتساب بیورو کو باقاعدہ درخواست بھی جمع کرا دی ہے، جس پر نیب حکام کی جانب سے قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیب نے 40 ارب روپے کے کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں 8 اہم ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن میں 2 سرکاری افسران، 2 بینکرز اور 4 ٹھیکیدار شامل ہیں۔ نیب حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
