اسپین کے اسٹار فٹبالر کائلان ایمباپے کے شاندار گول نے ریال میڈرڈ کو بڑے اپ سیٹ سے بچا لیا، جب زابی الونسو کی زیرِ قیادت ٹیم نے ہسپانوی کپ (کوپا ڈیل رے) کے میچ میں تیسرے درجے کے کلب تلاویرا کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے کر آخری 16 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پی ایس جی کی پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فتح بیک اپ گول کیپر ماتوی سیفونوف ہیرو بن گئے
میچ تلاویرا کے چھ ہزار نشستوں والے اسٹیڈیو ایل پراڈو میں کھیلا گیا، جو اگرچہ میڈرڈ سے محض 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، تاہم ماحول اور سہولیات کے اعتبار سے سانتیاگو برنابیو سے یکسر مختلف تھا۔ اس کے باوجود ریال میڈرڈ کو یہاں غیر متوقع مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کا آغاز ایمباپے کے گول سے ہوا، جس کے بعد پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں منو فارانڈو کے اپنے ہی گول نے ریال میڈرڈ کی برتری کو مضبوط کر دیا۔ وقفے تک مہمان ٹیم 2-0 سے آگے تھی۔
تاہم دوسرے ہاف میں تلاویرا نے بھرپور مزاحمت کی اور 80ویں منٹ میں نہوئل آرویو کے گول نے مقابلے کو سنسنی خیز بنا دیا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں دباؤ بڑھنے پر ایک بار پھر ایمباپے نے ذمہ داری سنبھالی اور باکس کے باہر سے زبردست شاٹ کے ذریعے تیسرا گول داغ کر ریال میڈرڈ کی فتح یقینی بنا دی۔
انجری ٹائم میں تلاویرا کی جانب سے گونزالو ڈی رینزو نے ایک اور گول کیا، تاہم وقت کی کمی کے باعث میزبان ٹیم میچ برابر نہ کر سکی۔
دیگر میچز میں لا لیگا کی مضبوط ٹیم ولاریال کو دوسرے درجے کی ریسنگ سینتینڈر کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ الباسیٹے نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر سیلٹا ویگو کو 0-3 سے ناک آؤٹ کر دیا۔ اٹلیٹیکو میڈرڈ نے چوتھے درجے کی ٹیم بیلیئرز کو 3-2 سے ہرایا، جبکہ اوساسونا نے اضافی وقت میں ہیوسکا کو 4-2 سے شکست دی۔
منگل کو بارسلونا نے تیسرے درجے کی گواڈالاخارا کے خلاف 2-0 سے کامیابی حاصل کی، جس میں آندریاس کرسٹینسن اور مارکس راشفورڈ نے اختتامی لمحات میں گول کیے۔
