پاکستان رینجرز (سندھ) اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقوں ضلع سینٹرل اور سٹی ساؤتھ سے بھتہ خوری میں ملوث جمیل چھانگا اور صمد کاٹھیاواڑی گروپ سے تعلق رکھنے والے سات ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملیر جناح ایونیو پر ڈمپر کی ٹکر، موٹر سائیکل سوار 2 افراد متاثر، ایک جاں بحق
گرفتار ملزمان میں پرویز عرف پوا، اصغر علی، شکیل احمد عرف کامریڈ، فیضان عرف لمبو اور محمد زبیر عرف چھوٹو شامل ہیں، جنہیں زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا، جبکہ محمد صابر اور محمد عمر عرف افشانی بلوچ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان بھتہ مافیا کے سرغنہ جمیل چھانگا، اسامہ جمیل اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی کی ہدایات پر مختلف فیکٹری مالکان، دکانداروں، بلڈرز کے زیرِ تعمیر منصوبوں اور ریسٹورنٹس سے بھتہ وصول کرنے میں ملوث تھے۔ بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ اور خوف و ہراس پھیلانا ان کا وطیرہ تھا۔
ملزمان نے اکتوبر 2025 میں ناظم آباد میں واقع جدہ باربی کیو فاسٹ فوڈ شاپ پر بھتہ نہ دینے کے باعث فائرنگ کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ بھتہ سے وصول کی گئی رقم غیر قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک مقیم سرغنہ جمیل چھانگا، صمد کاٹھیاواڑی اور اسامہ جمیل تک پہنچائی جاتی تھی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں بھتہ خوری اور اقدامِ قتل کی متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مشتبہ عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
