سڈنی فائرنگ کے بعد پاکستان کے خلاف منظم ڈس انفارمیشن مہم چلائی گئی، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف منظم انداز میں ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈا پھیلایا گیا، جس کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا۔

کراچی: رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث دو گروپس کے 7 ملزمان گرفتار

بدھ کے روز اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بے جا الزامات عائد کیے گئے، حالانکہ حکومتِ پاکستان نے ابتدا ہی سے سڈنی فائرنگ کے واقعے کی کھلے الفاظ میں مذمت کی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے بھی اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے کیونکہ پاکستان خود کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس جنگ میں عوام اور سیکیورٹی اداروں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو وہ ویڈیوز بھی دکھائیں جن میں پاکستان کے خلاف چلائی گئی منفی مہم اور جھوٹے بیانیے کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سڈنی واقعے سے قبل ملزمان کے فلپائن سفر کے شواہد موجود ہیں، لیکن اس حقیقت کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فوری طور پر پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی گئی۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ایک جھوٹا بیانیہ تشکیل دیا گیا، جسے بعض بین الاقوامی اور معروف میڈیا اداروں نے بھی بغیر تصدیق کے آگے بڑھایا۔ ان کے مطابق شواہد سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کا تعلق بھارت سے تھا، اس کے باوجود پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جاتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ وہ پاکستان میں دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث رہا ہے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فتنہ الہندوستان کی سرگرمیاں اور افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا اس کی واضح مثالیں ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے عالمی میڈیا پر زور دیا کہ ایسے حساس معاملات میں ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا جائے اور کسی بھی ملک کو بغیر ثبوت کے موردِ الزام نہ ٹھہرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق پر مبنی اور متوازن رپورٹنگ ہی عالمی امن اور باہمی اعتماد کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

One thought on “سڈنی فائرنگ کے بعد پاکستان کے خلاف منظم ڈس انفارمیشن مہم چلائی گئی، وفاقی وزیر اطلاعات

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!