کراچی: کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ ای چالان سے بچنے کے لیے شہر میں جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال شروع ہو چکا ہے، جس کے تدارک کے لیے پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی جا رہی ہے۔
تھانہ سکھن میں ایمپلائز ویریفیکیشن سسٹم کا افتتاح، ڈیری فارم ملازمین کا ڈیٹا رجسٹرڈ کرنے کا آغاز
سی پی ایل سی چیف اور ڈی آئی جی ٹریفک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد شہر میں ٹریفک کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب تک تقریباً ایک لاکھ سے زائد چالان کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعض عناصر چالان سے بچنے کے لیے جعلی اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس استعمال کر رہے ہیں، جس کے خلاف 19 دسمبر سے خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس مہم میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرے گا۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ایکسائز کا عملہ تعینات کیا جائے گا، جبکہ جعلی یا ٹیمپرڈ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف نہ صرف کارروائی کی جائے گی بلکہ گاڑیاں بند اور مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور جعلی نمبر پلیٹس کے استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں تاکہ شہر میں ٹریفک نظم و ضبط مزید بہتر بنایا جا سکے۔
