کراچی میں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ہدایات پر تھانہ بلال کالونی پولیس نے جوئے کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کیماڑی کے مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری، مشکوک افراد کی چیکنگ
پولیس کے مطابق بلال کالونی پولیس پارٹی معمول کے گشت پر مامور تھی کہ اس دوران خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ کٹھیاواڑی محلہ نزد دھوبی گھاٹ، سیکٹر 5-E نیو کراچی میں دو افراد جوئے میں مصروف ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی اور موقع پر پہنچ کر دونوں ملزمان کو جوئے میں ملوث حالت میں گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت فیضان علی ولد سید مصطفیٰ علی اور محمد سلمان ولد اسلام کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نقد رقم اور جوئے میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم فیضان علی کے قبضے سے 580 روپے نقد، ایک بال پوائنٹ اور چار جوئے کی پرچیاں برآمد ہوئیں، جبکہ ملزم محمد سلمان کے قبضے سے 340 روپے نقد اور تین جوئے کی پرچیاں برآمد کی گئیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ بلال کالونی میں ایف آئی آر نمبر 452/2025 بجرم دفعات 5/5-A گیمبلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
