کراچی (اسٹاف رپورٹر) – ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان (ABAD) نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض ملا کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
صدر مملکت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف اور پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کر دیا
خط میں ABAD کے چیئرمین محمد حسن بکش نے کہا کہ مختلف بلڈرز سے موصول شکایات کے مطابق ریاض ملا مبینہ طور پر بلیک میلنگ، غیر قانونی مطالبات اور بلڈرز و ڈیولپرز کو ہراساں کرنے میں ملوث ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ افسر کی جانب سے گالی گلوچ اور نامناسب زبان استعمال کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
چیئرمین ABAD نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے اور انکوائری مکمل ہونے تک ریاض ملا کو معطل کیا جائے تاکہ وہ تحقیق پر اثر انداز نہ ہو سکے۔
خط میں بتایا گیا کہ اس صورتحال سے کاروباری طبقے کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ABAD کے وائس چیئرمین طارق عزیز کو اس معاملے پر رابطہ اور معاونت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
خط کی نقول صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ، چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ اور پی سی آئی سی کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔

