معروف اداکارہ رابعہ نورین نے حال ہی میں مقبول مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی، کیریئر اور مرحوم شوہر اداکار عابد علی سے جڑی یادوں کا تذکرہ کیا۔ گفتگو کے دوران وہ کئی مقامات پر جذباتی بھی ہوئیں۔
لاچی بازار میں مسلح تصادم فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق 2 زخمی
رابعہ نورین نے بتایا کہ عابد علی انہیں آج بھی ہر لمحہ یاد آتے ہیں اور وہ خود کو مصروف رکھ کر دل کو سنبھالنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’عابد علی میرے لیے چھاؤں، سائبان اور پوری زندگی تھے۔ ان کے انتقال کا صدمہ بہت گہرا تھا، شاید میں اس سے نکل نہیں سکتی تھی اگر لوگوں نے میرا ساتھ نہ دیا ہوتا۔‘‘
انہوں نے اپنے مرحوم شوہر سے پہلی ملاقات کے بارے میں بتایا کہ وہ ایک فلائٹ میں بطور ایئر لائن اسٹاف کام کر رہی تھیں جب پہلی بار عابد علی سے سامنا ہوا، جو ایک بالکل پروفیشنل ملاقات تھی۔ بعد ازاں ایئر لائن کی نوکری چھوڑ کر اداکاری شروع کی تو ایک شوٹنگ کے دوران دوبارہ ملاقات ہوئی جس میں وہ عابد علی کی شخصیت سے بہت متاثر ہوئیں۔
اداکارہ نے کہا کہ عابد علی نہایت نفیس، منکسرالمزاج اور خوش اخلاق انسان تھے، ان کا کسی سے بھی سخت لہجہ سننے میں نہیں آیا۔ شوٹنگ کے بعد دونوں کے درمیان نمبر کا تبادلہ ہوا اور تقریباً چھ ماہ تک صرف خیر خیریت کے پیغامات ہی آتے رہے۔ جب ایک دن پیغام نہ آیا تو انہیں بے چینی ہوئی اور رابطہ دوبارہ ہونے پر انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے کیونکہ جذبات بدل رہے ہیں، جس پر عابد علی نے جواب دیا: ’’جو جیسا چل رہا ہے، ویسا ہی چلنے دو‘‘ — اور پھر یہی رشتہ آگے بڑھتا رہا۔
رابعہ نورین، عابد علی کی دوسری اہلیہ تھیں۔ اس سے قبل عابد علی کی اداکارہ حمیرہ علی سے شادی تھی، جن سے ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ حمیرہ علی سے علیحدگی کے بعد انہوں نے 2006 میں رابعہ نورین سے شادی کی۔
معروف اداکار عابد علی ستمبر 2019 میں 67 برس کی عمر میں کراچی میں جگر کے عارضے کے سبب انتقال کر گئے تھے، تاہم رابعہ نورین کے مطابق ان کی یادیں آج بھی اتنی ہی روشن اور مضبوط ہیں جتنی زندگی میں تھیں۔
