کراچی کے علاقے نیوٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) تفتیش گارڈن نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں پر حملے کی دھمکی آمیز وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے مرکزی ملزم عبدالمجید ولد منظور احمد کو گرفتار کر لیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رائل سعودی لینڈ فورسز کے کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ترجمان CTD کے مطابق DSP انویسٹی گیشن گارڈن کی نگرانی میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے مقدمہ نمبر 359/2025 میں مطلوب مفرور ملزم کو الحلال سوسائٹی کے قریب سے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
یاد رہے کہ مئی 2025 میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری و سینیٹر سید وقار مہدی اور اقبال ساندھ پر فائرنگ کرنے کی نیت ظاہر کرتے ہوئے ایک وڈیو تیار کی گئی تھی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اس واقعے کا مقدمہ تھانہ جمشید کوارٹر میں درج کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں اعلیٰ حکام کی ہدایت پر مزید تفتیش کے لیے CTD گارڈن منتقل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم عبدالمجید نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وڈیو اس نے خود ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کی۔ اس مقدمے میں شریک ایک اور ملزم فیاض عرف بہاری پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم سے برآمد ہونے والے اسلحے پر تھانہ CTD کراچی میں سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 91/2025 بھی درج کر لیا گیا ہے۔ تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
