پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پشاور کا دورہ کیا اور خصوصی بچوں کے لیے "احساس اُمید پروگرام” کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
قائدآباد پولیس کی کارروائی؛ اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ شدید معذوری کے شکار تقریباً 10 ہزار افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے دیے جائیں گے، جبکہ رقوم بایومیٹرک تصدیق کے ذریعے براہِ راست مستحقین تک پہنچائی جائیں گی۔ بریفنگ کے مطابق پروگرام پر جنوری تا جون 2026 تک 30 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، اور مستحقین کا انتخاب زکوٰۃ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے خصوصی بچوں کے سکولوں کے لیے 23 نئی ٹرانسپورٹ گاڑیاں بھی فراہم کیں، جن پر 37 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ اس کے علاوہ معذور افراد کو 2000 الیکٹرک، 2500 مینول وہیل چیئرز اور 800 ٹرائی سائیکلز فراہم کی جائیں گی، جبکہ معاونتی آلات و اشیاء پر مجموعی طور پر 76 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کمزور طبقات کے لیے عمران خان کا جو "احساس” ہے، وہی ہمارا راستہ ہے۔ انہوں نے زکوٰۃ فنڈ میں موجود رقم کو فوری طور پر مستحقین میں تقسیم کرنے اور ضم اضلاع کے معذور افراد کو بھی معاونتی آلات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تمام اقدامات اپنے وسائل سے کر رہی ہے، جبکہ وفاق کے ذمے خیبرپختونخوا کے 3000 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں اور وفاقی حکومت نے 5300 ارب کی کرپشن کی، جس کا کوئی پوچھنے والا نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ڈیلیور کر رہے ہیں مگر پھر بھی انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں۔
سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کے سکولوں کے لیے بھی ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے اور خصوصی بچوں کے سکولوں میں تمام ناپید سہولیات فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
