کراچی — نارتھ ناظم آباد میں واقع جدید ماڈل تھانہ حیدری باضابطہ طور پر فعال ہو گیا ہے۔ اس ماڈل تھانے کا افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین نے کیا، جس میں ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم، ایس ایس پی وسطی زیشان صدیقی اور پیپلز پارٹی وسطی کے صدر سردار خان، نائب صدر نیاز خان اور توقیر احمد بھی موجود تھے۔
ضلع کورنگی پولیس کی کارروائی، سندھ ٹمپورری ریذیڈینشل ایکٹ 2015 کے تحت 31 افراد گرفتار
ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ شہری اب بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں اور ماڈل تھانے میں فراہم کی گئی جدید سہولیات ان کے لیے آسانیاں فراہم کریں گی۔ تھانے میں کمپیوٹرائزڈ ایف آئی آر سسٹم، جدید سی سی ٹی وی کنٹرول روم اور نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی اور کٹی پہاڑی کے علاقوں کی مانیٹرنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ایس ایس پی وسطی زیشان شفیق صدیقی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھانے میں شہریوں کے لیے بینکنگ اسٹائل ٹوکن سسٹم، علیحدہ سیکشن خواتین سائلین کے لیے، آرام دہ لاؤنج، انفارمیشن ڈیسک اور بااخلاق اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر وسطی نے کہا کہ ماڈل تھانے کا جدید ماحول کسی ملٹی نیشنل ادارے جیسا ہے اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔

