کراچی: بھارتی وزیر دفاع کے متنازع بیان پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) نے سخت ردعمل دیتے ہوئے سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی۔ قرارداد رکن سندھ اسمبلی عامر صدیقی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد کے متن کے مطابق بھارتی وزیر دفاع کا بیان تاریخی طور پر گمراہ کن، حقائق کے منافی اور بین الاقوامی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ایم کیو ایم رہنما عامر صدیقی نے کہا کہ سندھ پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، سندھ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات کا واحد مقصد خطے میں کشیدگی اور تناؤ کو بڑھانا ہے۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے بے بنیاد اور اشتعال انگیز بیان کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے۔

