راولپنڈی/پشاور (اسٹاف رپورٹر) – پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے اضلاع کرم، مہمند، لکی مروت اور ٹانک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ خوارج کے 30 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
بیان کے مطابق ضلع کرم میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا جس میں فورسز نے دہشت گردوں کی پوزیشن کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کرم میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 23 دہشت گرد مارے گئے۔ ایک آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج ہلاک ہوئے، جب کہ خفیہ اطلاع پر کی گئی دوسری کارروائی میں مزید 11 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مہمند میں کارروائی کے دوران فتنۂ خوارج کے 4 دہشت گرد مارے گئے، جب کہ لکی مروت میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اسی سلسلے میں ٹانک میں بھی ایک خارجی دہشت گرد کو جہنم واصل کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ "دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔”
