اسلام آباد/لاہور/اٹک: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا، جس کے دوران تعلیمی اداروں کے اطراف اور دیگر مقامات پر 4 کارروائیوں میں خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 17.8 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی، جس کی مالیت ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
ملیر کینٹ میں پولیس کا کومبنگ و سرچ آپریشن؛ منشیات فروش گرفتار، آئس کی بھاری مقدار برآمد
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں:
کاک پل، اسلام آباد میں اے این ایف نے کارروائی کے دوران 2 ملزمان سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔
فاروق اعظم کالونی، اٹک میں یونیورسٹی کے قریب موٹرسائیکل سوار سے 400 گرام چرس پکڑی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
دیگر کارروائیاں:
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور کے پارکنگ ایریا میں گاڑی سے 12 کلوگرام ویڈ برآمد ہوئی جبکہ 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
موٹروے ٹول پلازہ، اسلام آباد پر ایک مسافر خاتون اور مرد سے 3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق تمام کارروائیاں انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت کی گئیں، مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

