ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کی ہدایات پر اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے کورنگی پولیس نے مقابلے کے دوران دو اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
گوادر میں ترقی کا نیا باب—جدید عوامی پارک کا افتتاح
تھانہ کورنگی کی حدود میں غریب نواز چوک پر تعینات پولیس ٹیم نے سیکٹر 32 بی، بابِ رحمت مسجد کے قریب گشت کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوا جبکہ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سہیل عرف کانٹا (زخمی) اور صادان ولد کامران کے ناموں سے ہوئی، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتا ہوا فرار ہو گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول بمعہ ایمونیشن اور چھینے گئے موبائل فونز برآمد کیے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ زخمی ملزم سہیل عرف کانٹا مختلف تھانوں میں متعدد سنگین مقدمات میں ملوث ہے، جن میں ڈکیتی، اسلحہ ایکٹ اور لوٹ مار کے واقعات شامل ہیں۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ترجمان ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
