کراچی، 13 نومبر 2025: پانچویں پاکستان نیوی انٹرنیشنل ناٹیکل کمپیٹیشن میں تُرکیہ کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ ایونٹ کی اختتامی تقریب پی این ایس رہبر، منوڑہ میں منعقد ہوئی، جس میں کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ 2025 اور پاکستان ایئر فورس ایکٹ میں ترامیم منظور کر لیں
ایونٹ میں کشتی رانی، تیراکی، سمندر میں جان بچانے، اور سی مین شپ کے مقابلے منعقد ہوئے۔ تُرکیہ کی ٹیم نے 3 گولڈ میڈلز حاصل کر کے ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ ایران کو رنرز اپ قرار دیا گیا۔ کمانڈر کراچی نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی مہارت کو سراہا۔
پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ کموڈور ضیاء الرحمن نے چیمپئن شپ کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ ایونٹ میں آذربائیجان، انڈونیشیا، ایران، اٹلی، سعودی عرب، عمان، سری لنکا، تُرکیہ، متحدہ عرب امارات اور میزبان پاکستان نیول اکیڈمی کی ٹیم نے حصہ لیا۔
یہ مقابلے پاکستان میں سمندری کھیلوں کو فروغ دینے اور دوست ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے کے لیے منعقد کیے گئے۔ تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، سفارت کار اور سول معززین نے شرکت کی۔

