انتخابات کے مقررہ وقت پر ہونے پر کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیئے، وزیراطلاعات

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

انتخابات کے حوالے سے تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ چکی ہیں‘ الیکشن کے حوالے سے میڈیا کو ذ مہ دارانہ رپورٹنگ کرنا ہوگی۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب

اسلام آباد ( 22 جنوری 2024ء ) نگران وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ جمعرات 8 فروری کو عام انتخابات ہوں گے، انتخابات کے مقررہ وقت پر ہونے پر کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہو نے جارہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے قانون سازی کرنی ہے کہ ملک کیسے چلے گا۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے میڈیا کو ذ مہ دارانہ رپورٹنگ کرنا ہوگی، عام انتخابات میں میڈیا کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، انتخابات کے حوالے سے تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ چکی ہیں، معیشت، خارجہ پالیسی، تعلیم، صحت سمیت اہم امور منشور ہوتے ہیں، وعدوں اور دعوؤں کی تکمیل سیاسی جماعتوں کا ہی کام ہے، عوام کے اجتماعی شعور میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔

ادھر ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کا اعلان 9 فروری کی رات 1 بجے کریں گے، الیکشن کے دن ملک بھر سے رزلٹ بر وقت الیکشن کمیشن بھیجنے کیلئے تمام ترانتظامات کرلیے ہیں، جس کے تحت تمام حلقوں کے ریٹرننگ آفسران کو تین تین ڈیٹا انٹری آپریٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ ذرائع الیکشن کمیشن سے معلوم ہوا ہے کہ انتخابات 2024ء میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا استعمال کیا جائے گا، آر ٹی ایس سسٹم بیٹھنے کی وجہ ایک وقت میں ایک ڈیٹا انٹری سسٹم تھا اور نتائج موصول میں ہونے میں زیادہ وقت لگا، اس لیے الیکشن 2024ء کو صاف، شفاف اورغیرجانبدارانہ کرانے کیلئے ٹیکنالوجی کا بھرپوراستعمال کیا جائے گا، جس کے لیے آراوز کو فائبرآپٹکس کی سہولت میسرہوگی اورمتبادل کے طور پر وائی فائی ڈیوائس بھی دیں گے۔

ذرائع ای سی پی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن چاروں صوبوں میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا کامیاب تجربہ کر چکا ہے، الیکشن کمیشن مختلف اضلاع میں ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے ای ایم ایس کا تجربہ کرچکا، ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، ای ایم ایس کے ذریعے نتائج انٹرنیٹ اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی بھیجے جائیں گے، پریذائیڈنگ افسران اپنے پولنگ سٹیشن کے نتائج ریٹرننگ افسران کو بھجوائیں گے، ریٹرننگ افسران رزلٹ تیار کر کے ڈیجیٹل اور مینوئل طریقے سے الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!