کراچی — پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شیر شاہ کے علاقے سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم محمد نور عرف خم ولد ولی خان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
گلبرگ پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب آپریشن، 2 گرفتار
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں عابد مچھڑ، عمر خطاب محسود، قیوم محسود، اعظم خان، خان زمان، زاویل محسود، سید بادشاہ عرف ادرک، عبدالرحمان، عبدالحکیم، صدیق اللہ، خزن گل اور عابد چھوٹا کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ وصولی، بم دھماکوں، اغواء برائے تاوان اور متعدد پولیس مقابلوں میں ملوث رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم 2010 میں قیوم محسود کے گروپ میں شامل ہوا اور 2012 میں عابد مچھڑ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ بنا۔ زیادہ تر ساتھی کراچی آپریشن کے دوران ہلاک یا گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ ملزم 2015 میں کراچی آپریشن کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں روپوش ہوگیا تھا۔
ملزم کے خلاف تھانہ منگھو پیر اور خواجہ اجمیر نگری میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں۔ معلومات دینے والوں کا نام مکمل طور پر راز میں رکھا جائے گا۔
