کراچی: اے وی ایل سی نیو کراچی ڈویژن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹرک، مزدا اور مویشی چوری کی وارداتوں میں ملوث منظم جرائم پیشہ گروہ کے مرکزی رکن کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق گرفتار ملزم علیم لاشاری ولد ادریس متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہے، جس میں ٹرک اور مزدا گاڑیاں چھیننے کے ساتھ ساتھ کیٹل فارموں سے مویشی چوری کے انکشافات بھی شامل ہیں۔
گرفتاری کے دوران پولیس نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے چوری شدہ موٹر سائیکل KQQ-9861 بھی برآمد کر لی۔ ملزم کے خلاف تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ نمبر 586/2023 اور 846/2023 سمیت تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں 501/2025 اور 630/2025 کے مقدمات درج ہیں۔
تحقیقات کے دوران ملزم نے 10 ویلر اور مزدا ٹرک چھیننے کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا، جبکہ بتایا کہ چوری شدہ گاڑیاں خضدار (بلوچستان) میں فروخت کی جاتی تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزم علیم لاشاری اپنے ساتھیوں عبدالرحمان، سجاد اور عبدالمنان کے ساتھ ایک منظم نیٹ ورک چلا رہا تھا جو صنعتی اور دیہی علاقوں میں رات کے اوقات میں وارداتیں کرتا تھا۔
فنگر پرنٹس اور نادرا ریکارڈ سے ملزم کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر لی گئی ہے۔ اے وی ایل سی کے مطابق اس گروہ کی گرفتاری سے نیو کراچی ڈویژن میں گاڑیوں اور مویشی چوری کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ شریکِ جرم دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
