کراچی (کرائم رپورٹر) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی بڑی کارروائی میں تین رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کرلیا گیا، جو دفاع میں سیکیورٹی گارڈ کے قتل سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث نکلا۔
سائیٹ ایریا میں پولیس مقابلے کے دوران اسٹریٹ کرمنل زخمی حالت میں گرفتار
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد احمد شیخ کے مطابق کارروائی پاک کالونی کے علاقے میں کی گئی، جہاں سے تین مسلح ملزمان شوکت، نادر اور خادم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تین پستول اور متعدد چھینے گئے موبائل فون برآمد کیے۔
ترجمان ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزمان اسلحے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے۔ انہوں نے 17 اگست کو ڈیفنس فیز 6 خیابانِ شہباز میں رکشے میں سوار فیملی کو لوٹنے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
فائرنگ کے بعد ملزمان نے گارڈ کا اسلحہ چھین کر فرار اختیار کیا تھا۔
ایس آئی یو حکام کے مطابق تکنیکی بنیادوں پر ملزمان کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔ گرفتاری کے وقت ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس کی حکمت عملی کے باعث تینوں ملزمان کو محفوظ طریقے سے گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے، جن پر ڈکیتی، غیر قانونی اسلحے اور موٹر سائیکل چھیننے کے مقدمات درج ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

