کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے جمعرات کو شہری مسائل کے جائزے کے لیے ضلع غربی کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلع میں جاری سڑکوں کی تعمیر، نکاسی و فراہمی آب، اسکولوں، ہیلتھ سینٹرز اور اسپتالوں کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کراچی میں تین رکنی ڈکیت گروہ گرفتار، دفاع میں سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں بھی ملوث
اجلاس میں لوکل ٹیکسز، ایڈورٹائزنگ ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے نظام اور کارکردگی پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ضلع غربی عربی ذوالفقار میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ترقیات کمشنر آفس نسیم احمد بھٹو، اسسٹنٹ کمشنرز، چیئرمین ٹاؤنز اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ہر ماہ ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے تاکہ ترقیاتی منصوبوں اور ٹیکس وصولی کے نظام و کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جا سکے۔
کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار کی خود نگرانی کریں، متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں، اور منصوبوں کے قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ تمام منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں اور ہر ڈپٹی کمشنر ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرے۔
اجلاس میں ضلع غربی میں جاری منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے ترقیاتی منصوبوں کے دوروں سے متعلق رپورٹس پیش کیں جبکہ ترقیاتی و بلدیاتی اداروں کے افسران نے منصوبوں کی تازہ صورتحال سے کمشنر کراچی کو آگاہ کیا۔
