کراچی — شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گزشتہ 6 روز کے دوران 26 ہزار 155 سے زائد ای چالان جاری کیے گئے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 283 الیکٹرانک چالان کیے گئے۔
نیو کراچی میں پولیس مقابلہ شہری کو زخمی کرنے والا ڈکیت گرفتار ساتھی فرار
تفصیلات کے مطابق، جدید اور خودکار فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت ٹریفک پولیس نے جمعے کی شب 12 بجے سے ہفتے کی شب 12 بجے تک سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 1,992، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 761، ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی پر 119، موبائل فون کے استعمال پر 87 اور اوور اسپیڈنگ پر 104 ای چالان جاری کیے۔
اسی طرح کالے شیشے لگانے پر 71، نو پارکنگ پر 26، رانگ وے پر 14، اوور لوڈنگ پر 2 اور بیجا لوڈ پر 10 ای چالان کیے گئے۔
مزید بتایا گیا کہ مسافروں کو بسوں کی چھت پر بٹھانے پر 58، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 28 اور ون وے پر غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 2 ای چالان کیے گئے۔ تاہم ٹیکس کی عدم ادائیگی اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کوئی ای چالان نہیں کیا گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق یہ ڈیجیٹل نظام شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، جس سے نہ صرف نگرانی بہتر ہوئی ہے بلکہ شہریوں کو جرمانے کی ادائیگی کے لیے شفاف طریقہ فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ حادثات میں کمی اور شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری ممکن بنائی جا سکے۔
