کراچی (تشکر نیوز) — وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈی آئی جی ویسٹ اور ان کی ٹیم کی جرائم کے خلاف دلیرانہ کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی ایسی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
امریکی دباؤ کے بعد بھارت نے روسی تیل کی خریداری معطل کر دی
تفصیلات کے مطابق تھانہ نیو کراچی صنعتی ایریا کی مرکزی شاہراہ پر موٹرسائیکل سوار چار ملزمان نے بینک سے رقم لے کر جانے والے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی۔
اسی دوران علاقے میں پیٹرولنگ پر مامور دو پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جس پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، تاہم ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں جبکہ شہری کو لُٹنے سے محفوظ بنا لیا گیا۔
وزیرِ داخلہ نے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کا ثبوت دیا ہے۔
