کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے کراچی زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائیاں ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر اینٹی کرپشن سرکل اور اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے مشترکہ طور پر کیں۔
گلبرگ پیٹرول پمپ ڈکیتی کا کیس حل، ایک ملزم گرفتار، موٹر سائیکل برآمد
گرفتار ملزمان کی شناخت مصطفی، شکیل، امداد علی اور کاشف غوری کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائیاں گارڈن نیو چلی روڈ اور کینٹ اسٹیشن کراچی کے علاقوں میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم شکیل اور مصطفی کے قبضے سے 60 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے جبکہ ملزمان امداد علی اور کاشف غوری کے قبضے سے 15 ہزار سعودی ریال، 4970 یو اے ای درہم، 22 ملین ایرانی ریال، 400 امریکی ڈالر، 96 عمانی ریال، 160 تھائی بھات، 1 لاکھ ازبک سوم، 49500 عراقی دینار، 15 چائینیز یوآن، 93 ملائیشین رنگٹ اور 8 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے۔ ایف آئی اے نے ملزمان سے موبائل فونز اور ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے ہیں، جن میں حوالہ ہنڈی کے لین دین سے متعلق اہم معلومات موجود ہیں۔
ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

