کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو فخر ہے کہ وہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کی میزبان ہے، جو پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ دنیا کے سامنے لانے کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 141 ممالک کے فنکاروں کی شرکت سے "ثقافت کے ذریعے سفارتکاری” کو فروغ ملے گا اور پاکستان کی ثقافتی شناخت عالمی سطح پر مزید مستحکم ہوگی۔
سندھ میں چائلڈ لیبر میں واضح کمی، اب بھی 10.3 فیصد بچے مزدوری پر مجبور — سیکرٹری محنت
یہ بات انہوں نے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، سیکریٹری ثقافت، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کے ایم سی افسران، نمائندہ رینجرز اور دیگر محکموں کے سربراہان شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیسٹیول کے سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، بجلی اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت دی کہ شہریوں اور بین الاقوامی مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 30 اکتوبر سے 7 دسمبر تک آرٹس کونسل کراچی میں جاری رہے گا، جس میں 1000 سے زائد فنکار دنیا بھر سے شرکت کریں گے۔ امریکہ، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا اور ایشیا کے مختلف ممالک کے فنکار اپنی موسیقی، رقص، روایات اور ثقافت کا مظاہرہ کریں گے۔
چیف سیکریٹری نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت دی کہ فیسٹیول کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، جبکہ کے ایم سی کو سڑکوں کی مرمت، صفائی اور شہر کی خوبصورتی کے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کے الیکٹرک کو آرٹس کونسل میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور محکمہ صحت، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی دی۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ فیسٹیول کے دوران شہریوں کو ٹریفک مسائل سے بچانے کے لیے متبادل راستوں اور خصوصی پارکنگ ایریاز کی پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔ ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ اور آرٹس کونسل کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہجوم یا رکاوٹ کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتظامات کی نگرانی کے لیے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
مزید برآں، کراچی ایئرپورٹ پر فیسٹیول ڈیسک قائم کیا جائے گا تاکہ غیر ملکی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جا سکے۔
چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے، کیونکہ یہ ایونٹ امن، رواداری اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت ثقافت، سیاحت اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

