اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، NI, NI (M) نے مالدیپ کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر ڈاکٹر محمد معیزو، وزیر دفاع محمد غسان مامون، اور چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم ہلمی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
دونوں فریقین نے عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال، دوطرفہ دفاعی تعاون اور سیکیورٹی پارٹنرشپ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقاتوں میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان فوجی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی اور دفاعی اشتراک کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔
مالدیپ کی سول و عسکری قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔
قبل ازیں، جنرل ساحر شمشاد مرزا کی آمد پر مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس (MNDF) ہیڈکوارٹر میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
