اسلام آباد (آئی ایس پی آر) — پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے رومانیہ ایئر فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ، فضائی شعبے میں تعاون اور استعداد کار میں اضافے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے رومانیہ ایئر فورس ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعدازاں ہونے والی ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے درمیان مشترکہ فضائی مشقوں، تربیتی تبادلوں، اور فضائی و زمینی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
دونوں فضائی سربراہان نے فضائی دفاع کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون میں مزید توسیع پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خود انحصاری کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کی فضائیہ کے سربراہان نے جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز کے میدان میں دفاعی صنعتی شراکت داری کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
