قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 89 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے پروٹیز کو جیت کے لیے 272 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کہا ملکی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوالڈ بریوس نے 54 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، تاہم وہ نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نعمان علی نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ساجد خان نے 5 اور شاہین شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ سلمان علی آغا کے حصے میں آئی۔
پاکستان نے میچ کے آغاز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امام الحق، شان مسعود، محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی نصف سنچریز کی بدولت 378 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسوامی نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جوابی اننگز میں مہمان ٹیم 269 رنز بناسکی، جہاں ٹونی ڈی زورزی نے 104 اور ریان ریکلٹن نے 71 رنز بنائے۔ پاکستان کو پہلی اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
دوسری اننگز میں قومی ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہوئی، بابراعظم نے 42 اور عبداللہ شفیق نے 41 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے متھوسوامی نے 5 اور سمون ہارمر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 183 رنز پر سمٹ گئی اور پاکستان نے میچ جیت کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
