کراچی (اسٹاف رپورٹر) عزیز آباد بلاک 2 کے رہائشیوں نے پانی کی طویل بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے فوری نوٹس لینے اور علاقے میں پانی کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں تین ماہ سے زائد عرصے سے پانی نہیں مل رہا، جس کے باعث گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔
علاقے کے رہائشی فیصل خان نے بتایا کہ متعدد بار کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو شکایات درج کرائی گئیں، لیکن تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔
ایک اور رہائشی محمد ریحان نے کہا کہ حکام صرف یقین دہانیاں کراتے ہیں، مگر مسئلے کا حل نہیں نکالتے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم یہاں بیٹھے رہیں گے جب تک ہمارا پانی بحال نہیں ہوتا۔”
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واٹر کارپوریشن فوری طور پر سپلائی لائنوں کی مرمت اور پانی کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنائے۔
