کراچی (کرائم رپورٹر) ویسٹ زون کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث ایک ملزم کو بلاضرر گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایم پی آر کالونی میں کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے حکمتِ عملی کے ساتھ جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عبدالولی ولد شاہ زمان کو بلاضرر گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کرلی گئی، جبکہ ملزمان کے زیر استعمال بلا نمبری موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔
